شارجہ: بھارتی اداکارہ منشیات سمگلنگ کرتے گرفتار

شارجہ: بھارتی اداکارہ منشیات سمگلنگ کرتے گرفتار
کیپشن: Sharjah: Indian actress arrested for drug smuggling(file photo)

ایک نیوز: بالی وڈ اداکارہ کریسن پریرا کو منشیات اسمگلنگ کرنے کے الزام میں شارجہ میں گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سڑک 2  اور باٹلا ہاؤس جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ کریسن پریراکو  یکم اپریل کو شارجہ ائیرپورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے  پاس ایک ٹرافی میں سے  مبینہ طور پر منشیات پکڑی گئی۔

یو اے ای پولیس نے اداکارہ کو منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کرکے  شارجہ جیل منتقل کردیا۔  

کریسن پریراکی گرفتاری کے بعد یو اے ای حکام نے بھارتی سفارتخانے کو اطلاع دی جس نے اداکارہ کے اہل خانہ کو گرفتاری کے  حوالے سے آگاہ کیا۔

اہل خانہ کے مطابق کریسن پریرا بالکل بے قصور ہے اور اسے  سازش کے ذریعے پھنسایا گیا ہے۔

تاہم گزشتہ روز منشیات اسمگلنگ کیس میں پیش رفت ہوئی، ممبئی کرائم برانچ  کو شبہ ہے کہ  اداکارہ کو مبینہ طور پر کتے پر لڑائی کا بدلہ لینے کے لیے پھنسا یا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نےمنشیات اسمگلنگ کیس میں دو افراد انتھونی پال (جو کہ ایک بیکری کا مالک  ہے) اور بینک میں اسسٹنٹ جنرل منیجر راجیش بوبھٹے کو گرفتار کیا ہے۔

ممبئی کرائم برانچ کے سینیئر انسپکٹرکا کہنا ہے کہ انتھونی نے کرشن پریرا کے لیے شارجہ کا ٹکٹ بک کروایا اور اس نے اداکارہ کو  واپسی کا جعلی ٹکٹ بھی دیا۔

کرائم برانچ کی ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم انتھونی کی بہن کا اداکارہ کی ماں سے کتے کو لے کر جھگڑا ہوا تھا، یہ دونوں ایک ہی عمارت میں رہتے ہیں۔ 

ابتدائی تفتیش  کے مطابق انتھونی نے مبینہ طور پر راجیش نامی شخص کے ذریعے اداکارہ  سے رابطہ کیا جس نے ایک ٹیلنٹ کنسلٹنٹ کا روپ دھار کر کریسن پریراکو شارجہ میں ایک ویب سیریز کے لیے آڈیشن کے بارے میں بتایا۔

بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے آڈیشن کے لیے شارجہ جاتے وقت اداکارہ سے ایک ٹرافی لے جانے کو بھی کہا جس میں اس نے مبینہ طبور پر منشیات چھپا رکھی تھی تاہم جیسی ہی کریسن پریرا شارجہ ائیرپورٹ پر لینڈ کیں تو دوران تلاشی ان کے پاس موجود ٹرافی سے مبینہ طور پر منشیات برآمد ہوئی اور پھر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔