ایک نیوز: صدر مملکت آصف علی زرداری نے بیجنگ میں ہونے والے عالمی پائیدار ٹرانسپورٹ فورم 2024 سے ویڈیو خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان محفوظ، پائیدار اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ملک میں محفوظ، پائیدار، موثر اور ماحول دوست نقل و حمل کا نظام فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں،پاکستان پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے چین کے ساتھ مل کر کام کرے گا، لوگوں کی ضروریات پورا کرنے کے لیے موثر، ماحول دوست ٹرانسپورٹ کیلئے پائیدار انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے۔
صدر نے کہا کہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے فروغ میں چین کے قائدانہ کردار کی تعریف کی، پاکستان نے خواتین کے لیے خصوصی پنک بسیں متعارف کرائی، پاکستان میں دیہی علاقوں کی سدا بہار سڑکوں تک رسائی 92% تک ہو گئی، جو نمایاں بہتری ہے،دیہی علاقوں کی رسائی میں اضافہ پائیدار ترقی کے فروغ، دیہی آبادی کو بنیادی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے میں مددگار ہوگا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کو بنیادی ڈھانچے کی پائیدار دیکھ بھال، موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، گزشتہ 5 سال میں تباہ کن سیلابوں، شدید بارشوں، موسمی حالات نے پاکستان کے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچایا،پاکستان پائیدار ترقی کے فروغ، علاقائی و عالمی معاشی ترقی میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان رکن ممالک کی ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کے درمیان پائیدار ٹرانسپورٹ تعاون کا حمایتی ہے۔