شہبازشریف نے پارٹی رہنماؤں کو بیرون ملک جانے سے روک دیا

شہبازشریف نے پارٹی رہنماؤں بیرون ملک جانے سے روک دیا
کیپشن: شہبازشریف نے پارٹی رہنماؤں بیرون ملک جانے سے روک دیا

ایک نیوز :مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے نوازشریف کی وطن واپسی کے باعث پارٹی رہنماؤں کو بیرون ملک جانے سے روک دیا۔

سابق وزیراعظم شہبازشریف کا لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ نواز شریف کی پاکستانی واپسی کے لیے 21 اکتوبر کا پروگرام حتمی ہے اور بیرون ملک موجود پارٹی رہنماؤں کو پاکستان پہنچ کر استقبال کی تیاریاں کرنے کی ہدایت کردی۔

شہبازشریف کاکہنا تھاکہ پاکستان کے عوام ان کا تاریخی استقبال کریں گے۔میڈیا کے توسط سے اپنے بھائیوں اور مسلم لیگی زعما اور رہنماؤں سے گزارش ہے کہ وہ اپنا بیرون سفر 21 اکتوبر کے بعد کریں اور قائد کا فقیدالمثال استقبال کرنا ہے، اس کی تیاری کریں۔ پارٹی رہنماؤں سے درخواست ہے کہ جو قائد سے لندن میں ملاقات کے خواہش مند ہیں، وہ اب پاکستان میں ملیں۔

 سابق وزیراعظم کاکہنا تھا کہ   نواز شریف پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے معمار ہیں، انہی کے دور میں 20،20 گھنٹے کی بجلی کی بندش ختم ہوئی اور اربوں ڈالر کے سی پیک اور پاکستان کے اپنے وسائل سے 12 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرکے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوا۔زراعت ہری ہوگئی، صنعتوں کی چمنیاں بند ہوگئی تھیں وہ چلیں اور روزگار واپس آیا، برآمدات میں اضافہ ہوا، ملک میں سب سے کم سطح 3.5 فیصد پر مہنگائی تھی اور ترقی کی شرح 6.5 فیصد تھی۔

شہبازشریف کاکہنا تھاکہ نواز شریف اسی سفر کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان واپس آرہے ہیں، ترقی اور خوش حالی کا سفر جاری رہے گا۔