ایک نیوز :ورلڈ کپ 2023 کے ترانے پر شدید عوامی ردعمل کے بعد گلوکار علی ظفر نے اعلان کیا ہے کہ وہ مداحوں کی بھرپور فرمائش پر ورلڈ کپ کا ترانہ بنانے جارہے ہیں۔
20 ستمبر کوآئی سی سی کی جانب سے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے آفیشل ترانے کی ویڈیو جاری کی گئی تھی۔ترانے کی دھن بولی ووڈ کے مشہور موسیقار پریتم چکرورتی نے تیار کی تھی جبکہ نامور اداکار رنویر سنگھ نے ویڈیو میں پرفارم کیا تھا۔
’دل جشن بولے‘ کے ٹائٹل سے جاری ترانے کی ویڈیو میں شائقین کے کرکٹ کے جذبے اور جوش کی منظر کشی کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن لوگوں کو یہ گانا پسند نہیں آیا اور سوشل میڈیا پر شدید تنقید بھی کی گئی۔
اسی دوران پاکستانی شائقین نے گلوکار علی ظفر سے ورلڈ کپ کا ترانہ جاری کرنے کی فرمائش کی تھی۔مداحوں کی بھرپور فرمائش پر علی ظفر نے اعلان کیا کہ وہ ورلڈ کپ کا ترانہ بنانے جارہے ہیں۔
انہوں نے یوٹیوب اور سماجی پلیٹ فارم ایکس پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستانیوں کے پاس انجوائے کرنے کے بہت کم مواقع ہوتے ہیں اور عوام چاہتے ہیں کہ کرکٹ، ورلڈ کپ کے ترانے ایسے ہوں جو دھوم مچائے۔‘
علی ظفر نے کہا کہ اس سال آپ لوگوں کی فرمائش پر میرے پاس ایک آئیڈیا ہے کہ ہم مل کر بہترین ترانہ کیسے بنا سکتے ہیں۔
گلوکار نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوکر نوجوان میوزک کمپورز، رائٹرز اور پروڈیوسرز کو دعوت دی کہ وہ علی ظفر کے ساتھ مل کر نیا ترانہ بنانے میں مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ ’اس بار میں صرف اپنی تعریف نہیں سننا چاہتا بلکہ اس مرتبہ پہلی بار ایک جمہوری طریقے سے ترانہ بناتے ہیں جس میں آپ لوگوں کی تعریف ہو۔‘
علی ظفر نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’جن لوگوں کو گانے بنانے کا شوق ہے اور دھن بنانے میں مہارت رکھتے ہیں وہ میرا ساتھ دیں، میں چاہتا ہوں کہ اس بار گانے کے بول اور دھن صرف میں نہ لکھوں بلکہ وہ باصلاحیت لوگ جو آئیڈیاز سوچتے ہیں، گانے کے بول لکھنا جانتے ہیں، انہیں موقع دیا جائے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آپ لوگ اپنی دھن، گانے کے بول اور اپنے آئیڈیاز مجھ سے فیس بک، انسٹاگرام، ٹوئٹر اور یوٹیوب ویڈیو کے کمنٹ سیکشن پر مجھے ٹیگ کرکے شیئر کرسکتے ہیں، آپ اپنی دھن گنگنا کر بھی مجھ سے شیئر کرسکتے ہیں۔‘
گلوکار نے کہا کہ ’شاید یہ تاریخ میں پہلی بار ہو کہ جمہوری طریقے سے لوگ اپنے لیے ہی ترانہ بنا رہے ہوں، کوشش کرتے ہیں، نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے‘۔
علی ظفر ملک کے سب سے بڑے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ترانے بنانے میں نمایاں رہے ہیں۔
علی ظفر نے 2016 میں پی ایس ایل کے افتتاحی سیزن کے لیے پی ایس ایل کا پہلا ترانہ ’اب کھیل کے دکھا‘ کمپوز اور پرفارم کیا۔
2017 میں پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کے لیے علی ظفر نے ایک بار پھر ’اب کھیل جمے گا‘ کے عنوان سے جوش بھرا ترانہ پیش کیا تھا۔
علی ظفر نے 2018 کے سیزن کے لیے ’دل سے جان لگا دے‘ کمپوز کرکے مداحوں کے دل جیت لیے تھے۔
واضح رہے کہ کرکٹ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ورلڈ کپ 2023 بھارت میں کھیلا جائے گا جو 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک جاری رہے گا۔