ایک نیوز : نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ شہریوں کو بینائی سے محروم کرنے والے انجیکشن کی خرید و فروخت روک دی گئی ہے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ ممنوعہ انجیکشن کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، تحقیقات مکمل ہونے تک اس انجیکشن کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس انجیکشن کی خرید و فروخت کرنے والے ڈیلرز کے خلاف ایف آئی آر درج ہو گئی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے، متعلقہ محکمے کے افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
آشوب چشم کی بیماری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا یہ بیماری پھیلی ہوئی ہے شہری خود بھی اس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے ایکس پر بھی اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ آنکھوں کی بینائی متاثر کرنے والے انجیکشن کی انکوائری رپورٹ آنے تک فروخت روکنے، اسٹاک مارکیٹ سے اٹھانے اور متاثرہ افراد کا مفت علاج کروانے کا حکم دیا ہے۔
جن شہروں میں مریضوں کی بینائی متاثر ہوئی ہے محسن نقوی نے وہاں کے ڈرگ انسپکٹرز کے خلاف غفلت برتنے پر کارروائی اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو متعلقہ کلینکس کی جانچ پڑتال کا حکم دے دیا۔
محسن نقوی نے اسپتالوں میں علاج کے لیے تربیت یافتہ ڈاکٹر کی موجودگی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔