قومی و صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیوں پر کام آخری مراحل میں داخل

Sep 25, 2023 | 15:30 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: آئندہ عام انتخابات سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لئے ابتدائی حلقہ بندیوں پر کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی حلقہ بندیوں کی کمیٹیوں نے ابتدائی حلقہ بندیوں پر کام مکمل کیا، تاہم چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی منظوری کے بعد ابتدائی حلقوں کی فہرست 27 ستمبر کو جاری ہوگی۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کل ابتدائی حلقہ بندیوں کی منظوری دے گا جبکہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کی موجودہ نشستیں برقرار رہیں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ حلقہ بندیوں پر تجاویز اور اعتراضات 28 ستمبر تا 27 اکتوبر دائر ہوسکیں گے اور الیکشن کمیشن اعتراضات پر 28 اکتوبر سے 26 نومبر تک نمٹائے گا جبکہ الیکشن کمیشن حتمی حلقہ بندیاں 30 نومبر کو جاری کریگا۔

پنجاب میں قومی اسمبلی کے حلقہ کا کوٹہ 9 لاکھ 5 ہزار 595 سندھ کا 9 لاکھ 13 ہزار رکھا گیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کا کوٹہ 9 لاکھ 7 ہزار 913 کی آبادی پرمشتمل ہوگا۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان میں قومی اسمبلی کے حلقے کا کوٹہ 9 لاکھ 30 ہزار 900 پر ہوگا اور اسلام آباد کے لئے قومی اسمبلی کے حلقہ کا کوٹہ 7 لاکھ 87 ہزار 954 رکھا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی کے حلقے کا کوٹہ 4 لاکھ 29 ہزار 929 ہے جبکہ سندھ اسمبلی کے حلقہ کا کوٹہ 4 لاکھ 28 ہزار 431 رکھا گیا۔

اس کے علاوہ خیبرپختونخوا اسمبلی کا 3 لاکھ 55 ہزار 270، بلوچستان اسمبلی کے حلقہ کا کوٹہ 2 لاکھ 92 ہزار 47 نفوس پر ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کی 266، پنجاب اسمبلی کی 297 جنرل نشستیں رکھی گئیں جبکہ سندھ اسمبلی کی 130، بلوچستان کی 51 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 نشستوں پر حلقہ بندیاں ہوئیں۔

مزیدخبریں