ایک نیوز :نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کی ہدایت پر جامعہ کراچی کے اساتذہ نے ہڑتال ختم کردی۔
سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نے ہڑتال کرنے والے اساتذہ سے ملاقات کی اور انہیں نگراں وزیراعلیٰ کی جانب سے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر اساتذہ نے ہڑتال ختم کردی۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس مقبول باقر کا کہنا ہے کہ اساتذہ تعلیمی سرگرمیاں بہتر انداز میں شروع کریں۔ ہم خود انکے مسائل حل کریں گے۔
اساتذہ کاکہنا تھا کہ گذشتہ دو برس سے ایوننگ پروگرام میں پڑھانے والے مستقل اساتذہ اور وزٹنگ فیکلٹی کے معاوضے ادا نہیں کیے جا رہے، مہنگائی کے اِس دور میں اتنے طویل عرصے تک معاوضے کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث اب مزید کلاسیں نہیں پڑھا سکتے۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کا کہنا ہے کہ ایوننگ پروگرام کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے کوئی گرانٹ نہیں مل رہی لیکن اِس کے باوجود معاوضے کا مسئلہ جلد حل کر دیا جائے گا۔