ایک نیوز : اٹلی کے سنگدل، خطرناک ترین مافیا چیف ،میٹیو میسینا ڈیناروکینسر کے ہاتھوں لاچار ہوکرچل بسے۔
رپورٹ کے مطابق اٹلی کے علاقے لاکیلا کے میئر پیئرلوئیجی بیونڈی نے تصدیق کی ہے ’اپنی بیماری کے دوران حالت خراب ہوجانے کے سبب‘ سیسیلین مافیا کے سربراہ میٹیو میسینا ڈینارو وسطی اٹلی کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے ہیں
اب سیسیلین مافیا کے سربراہ میٹیو میسینا ڈینارو کی آخری رسومات کی تیاری کی جا رہی ہے اور اطالوی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہیں ان کے والد کے پہلو میں دفن کیا جائے گا۔
61 سالہ میٹیو میسینا کولون کینسر کا شکار تھے اور جب وہ مفرور تھے تو اس دوران بھی انہوں نے اس مرض کا علاج کروانے کی کوشش کی تھی۔ اور علاج کے چکر میں ہی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوئے تین دہائیوں تک مفرور رہنے کے بعد انہیں رواں برس جنوری میں گرفتار کیا گیا تھا۔
انہیں اطالوی جزیرے سسلی کے شہر پالیرمو کے ایک کلینک سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔
میسینا ڈینارو، کوسا نوسٹرا میں مافیا کے سب سے زیادہ بے رحم سربراہوں میں سے ایک کے طور پر جانے جاتے تھے اور جس طرح سیسیلین مافیا کو گارڈ فادر فلموں میں دکھایا جاتا ہے میسینا حقیقی زندگی میں اس کی ایک مثال تھے۔
میٹیو میسینا کو 1992 میں مافیا مخالف جج جیووانی فالکن کے قتل اور 1993 میں فلورنس اور میلان میں مہلک بم دھماکوں میں ملوث ہونے کا مجرم قرار دیا تھا۔
انہیں سنائی گئی عمر قید کی چھ سزاؤں میں سے ایک اس جرم میں بھی تھی کہ انہوں نے فالکن کیس میں ایک گواہ کے 12 سالہ بیٹے کو اغوا کے بعد قتل کر دیا تھا۔
میسینا ڈینارو 1993 کے موسم گرما میں غائب ہو گئے اور جب اطالوی ریاست نے سیسیلین مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تو وہ اگلے 30 سال مفرور رہے۔