ایک نیوز : سابق صوبائی وزیر قانون فضل شکور خان اور پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عزیز خان کو احاطۂ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج نصرت ناز کے روبرو تحریک انصاف کے رہنما فضل شکور خان اور ضلعی صدر عزیز خان ضمانت قبل از گرفتاری سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔
ایڈیشنل سیشن جج نصرت ناز نے خیبرپختون حکومت کے سابق وزیر قانون اور تحریک انصاف کے رہنما فضل شکور خان سمیت پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عزیز خان کی درخواستیں مسترد کردیں جس پر انہیں عدالت کے احاطے سے گرفتار کرلیا گیا۔
واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات پر سابق وزیر قانون سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماﺅں پر مختلف نوعیت کے مقدمات درج ہیں، ان کی گرفتاری بھی نو مئی کے واقعات کا تسلسل ہے۔
دریں اثنا انسداد دہشت گردی عدالت میں سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، وہ پولیس پارٹی پر فائرنگ کے الزام میں گرفتار ہیں۔
سماعت اے ٹی سی کے جج جہانزیب شنواری نے کی۔ سماعت میں پولیس کیس کا ریکارڈ پیش نہ کرسکی جس پر عدالت نے کل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔