تحریک انصاف نے حکومتی خزانے سوشل میڈیا ٹرولز بھرتی کئے،عطاتارڑ

Oct 25, 2023 | 18:13 PM

ایک نیوز :رہنما مسلم لیگ ن عطا تارڑنے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف حکومت نے سوشل میڈیا ٹرولز بھرتی کئے، ہمارے پاس تفصیلات ہیں کہ سفاکانہ طریقے سے عوامی پیسے کو بے دردی سے لوٹا گیا۔

 تفصیلات کےمطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطاتارڑ نے کہا ہے کہ 2019 میں خیبرپختونخوا حکومت نے سوشل میڈیا انفلوئنشرز کے طور پر 1100 لوگ بھرتی کئے،ان ٹرولز کو بھرتی کرنے کا مقصد صحافیوں، سیاستدانوں کو گالیاں دینا تھا،اس منصوبے پر کل 87 کروڑ روپے خرچ ہونا تھا،اس معاملے پر سخت سے سخت کارروائی ہونی چاہئے۔

عطاتارڑ کا کہناتھا کہ کیا یہ نوکریاں تحریک انصاف کی ملکیت تھیں؟پارٹی کی تشہیر کے لئے پارٹی فنڈز سے پیسے جاری ہونا چاہئیے تھے،غریب عوام کا 87 کروڑ روپیہ خرچ کیا گیا،غریب سے دوائی، روٹی اور تعلیم کا حق چھینا گیا،سرکاری خزانے سے معاوضہ دے کر اداروں کے خلاف بیان بازی کی گئی،جن مجرمان نے ان 1100 لوگوں کو بھرتی کیا ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئیے،ایسے لوگوں کو کیفر کردار تک پہنچانا قومی فریضہ ہے،اس گھناؤنے عمل پر کل ایک ارب سے زائد پیسہ خرچ کیا گیا۔

مزیدخبریں