ایک نیوز:ترکیہ اور پاکستان کے نجی پروڈکشن ہاؤسز کا مشترکہ پروجیکٹ،تاریخی ڈرامہ ‘صلاح الدین ایوبی’ کا پہلا ٹیزر جاری کردیاگیا۔
ڈرامے کا ٹیزر صلاح الدین ایوبی کا کردار ادا کرنے والے ترک اداکار اغور غنش سمیت ڈرامے کے پروڈیوسرز میں شامل پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ٹیزر میں مسجد اقصیٰ کو بھی دکھایا گیا ہے جسے ڈرامے میں موجود اداکارہ دور سے کھڑے دیکھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اگست 2021 میں اعلان کیا گیا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے پروڈکشن ہاؤسز مشترکہ طور پر یہ ڈرامہ بنائیں گے جس میں ترک اداکاروں سمیت پاکستانی اداکار شامل ہوں گے۔
ایک سال بعداگست 2022 میں پروڈیوسرز کی جانب سے بتایا گیا کہ ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے ترکیہ میں سیٹ تیار ہوا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق شارٹ لسٹ افراد میں سے ابھی صرف 4 اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا ہے جن میں اداکارہ عائشہ عمر، اشنا شاہ، اداکار فرحان علی آغا اور عدنان جیلانی شامل ہیں۔
تاریخی ڈرامے کا ٹیزر آتے ہی مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تاہم یہ ڈرامہ کب نشر کیا جائے گا، اس حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات سامنے نہ آسکیں۔
یاد رہے کہ ایوبی سلطنت کے بانی سلطان صلاح الدین نے صلیبیوں کو شکست دی تھی اور 1187 میں 9 دہائیوں بعد مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کو دوبارہ آزاد کرایا تھا۔