ایک نیوز: اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کے 10 رہنماؤں کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ توڑ پھوڑ کیس میں مرادسعید، عمر ایوب خان، علی امین گنڈاپور سمیت10 پی ٹی آئی رہنماؤں کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔
دائمی وارنٹ گرفتاری جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے جاری کیے۔ طلبی کے باوجود عدالت سے مسلسل غیر حاضری پر دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔ شبلی فراز، فرخ حبیب، حماد اظہر کے بھی دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ علی نواز اعوان، حسان خان نیازی، عمر سلطان اور کرنل محمد عاصم کے بھی دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ہیں۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے، ملزمان جہاں نظر آئیں گرفتار کرکے عدالت پیش کیا جائے۔