اینٹی کرپشن کیس: پرویزالہٰی کو مقدمے سےڈسچارج کرنے کیخلاف اپیل، قانونی معاونت طلب

Oct 25, 2023 | 11:52 AM

ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ نے اینٹی کرپشن کیس میں پرویزالہٰی کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کے فیصلے کو کالعدم کرنے کی اپیل پر ایڈووکیٹ جنرل سے قانونی معاونت طلب کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں اینٹی کرپشن کے مقدمے میں پرویز الہی کو ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شہرام سرور چودھری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر ایڈوکیٹ جنرل کو معاونت کے لیے طلب کر لیا۔ عدالت نے پرویز الٰہی کی انٹرا کورٹ اپیل کی کارروائی آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پرویز الٰہی کو گوجرانولہ کے مجسٹریٹ نے اینٹی کرپشن کے مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا حکم دیا، پنجاب حکومت نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا، سنگل بینچ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے پرویز الہی کو ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کلعدم قرار دیا، سنگل بینچ کا فیصلہ حقائق کے برعکس ہے۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پرویز الہی کو اینٹی کرپشن کے کیس میں ڈسچارج کرنے کا فیصلہ برقرار رکھے۔

مزیدخبریں