عمران خان کی ضمانت منسوخی کیخلاف درخواستوں پر آج سماعت نہ ہوسکی

عمران خان کی ضمانت منسوخی کیخلاف درخواستوں پر آج سماعت نہ ہوسکی
کیپشن: The hearing could not be held today on the petitions against Imran Khan's bail cancellation

ایک نیوز: ریگولر کیسز کی کازلسٹ منسوخ ہونے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت دیگر 7 مقدمات میں ضمانت منسوخی کیخلاف درخواست پر آج سماعت نہیں ہوسکے گی۔

لاہور ہائیکورٹ میں جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت 7مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواستوں پر سماعت نہ ہوسکی۔  

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے آج ریگولر کیسز کی کاز لسٹ منسوخ کردی۔ کازلسٹ منسوخ ہونے سے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر کیسز کی سماعت آج نہیں ہوگی۔ 

درخواست میں سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے بیرسٹر سلمان صفدر ایڈووکیٹ کی وساطت سے ضمانتوں کو چیلنج کیا۔ 

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ درخواست گزار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ درخواست گزار کو پانچ اگست کو توشہ خانہ کے کیس میں حقائق کے برعکس سزا ہوئی۔ سزا کے فوری بعد پولیس نے درخواست گزار کو گرفتار کرلیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ضمانتوں کو میرٹ کی بنیاد پر سننے کا حکم دے۔ 

یاد رہے کہ دہشت گردی عدالت نے نو مئی مقدمات میں چیرمین پی ٹی آئی کی ضمانتوں کو خارج کیا تھا۔