ایک نیوز: سرکاری ملازمین کو اکسانے کے کیس میں سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ فواد چودھری صاحب اپنا خیال رکھیں۔ آپ بڑے لوگوں کو عزیز ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں فوادچودھری کے خلاف سرکاری ملازمین کو اکسانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ فوادچودھری اپنے وکیل فیصل چودھری کےہمراہ عدالت پیش ہوئے۔
جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت جج نے فواد چودھری سے استفسار کیا کہ کیا حال ہیں چودھری صاحب؟ فواد چودھری نے جواب دیا کہ بس نزلہ زکام کھانسی ہے۔
جج نے فواد چودھری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اپناخیال رکھا کریں۔ آپ بڑے لوگوں کوعزیز ہیں، آپ سب کو ہی عزیز ہیں۔
فواد چودھری نے جواب دیا کہ بس سر کوشش ہےاپنا خیال رکھنے کی، سپریم کورٹ میں فیصلہ آگیاہے، کیس ختم ہوگیاہے، 13 نومبر کو الیکشن کمیشن میں سماعت مقرر ہے، کیس کی سماعت 14 نومبر تک ملتوی کردیں۔
جس پر عدالت نے فوادچودھری کے خلاف کیس کی سماعت 14 نومبر تک ملتوی کردی۔