مریم نواز نے پی ٹی آئی کے احتجاج کو مسلح دہشتگردی کی کاوش قرار دیدیا

مریم نواز نے پی ٹی آئی کے احتجاج کو مسلح دہشتگردی کی کاوش قرار دیدیا
کیپشن: Maryam Nawaz termed PTI's protest as an attempt of armed terrorism

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پی ٹی آئی کا احتجاج مسلح دہشتگردی کی کاوش قرار دیدیا۔

ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ غازی بروتھا، میانوالی، ہزارہ موٹروے اور دیگر مقامات پر پولیس پوسٹوں پر فائرنگ کی گئی، ایس پی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوسمیت 20سے زائدپولیس اہلکاروں کا حملوں میں زخمی ہونا افسوسناک ہے، پی ٹی آئی کا احتجاج، احتجاج کی بجائے مسلح دہشتگردی کی کاوش ہے۔

انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے پاس شارٹ مشین گن، آنسو گیس، چاقو اور ماسک وغیرہ بھی دیکھے گئے، ایسا اسلحہ استعمال ہوا جو صرف پولیس کے پاس ہوتا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ پنجاب پولیس کو پہلے بھی تصادم سے بچنے کیلئے غیر مسلح رکھا گیا تھا اور اب بھی پولیس غیر مسلح ہے، ایک صوبے کی پولیس کا دوسرے صوبے پرحملہ  قومی یک جہتی کو پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے۔ 

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے کارکنان قافلوں کی شکل میں اسلام آباد کی جانب روانہ ہیں اور خیبر پختونخوا سے آنے والے قافلوں کا کل رات اور آج مختلف مقامات پر پولیس سے آمنا سامنا ہوا ہے۔