ایک نیوز: محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق مغربی ہواؤ ں کے ایک نئےسلسلے کا آج رات سے جنوب مغربی بلو چستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے زیر اثر کراچی ڈویژن میں ہفتہ 25 نومبر کی شام/رات اور اتوار 26 نومبر کو کہیں کہیں آندھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹرکی پیش گوئی کے مطابق جنوب مغربی بلوچستان میں مغربی ہواوں کے بتدریج داخل ہونے والے ہواوں کے سلسلے کےتحت ہفتے کی شام تا رات کراچی(بشمول مضافاتی علاقوں)میں آندھی،گرج چمک کے ساتھ ہلکی اورمعتدل بارش کا امکان ہے۔
اس کے زیر اثر تھرپارکر، ناگاپارکر، میرپوخاص ڈویژن، مٹھی، اسلام کوٹ، عمرکوٹ، بدین اضلاع اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو آدم، گھوکٹی، سانگھڑ اور کئی ملحقہ علاقوں میں بوندا باندی کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے جبکہ کراچی میں 25 سے 27 نومبر کے درمیان بوندا باندی/ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ امکانات 55% سے 65% تک ہیں۔ بہت کم علاقوں میں مختصر مدت کے لیے درمیانی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ جیسے ہی یہ نظام ختم ہوتا ہے۔ دن اور رات دونوں میں درجہ حرارت تیزی سے کم ہونا شروع ہو جائے گا۔اور ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوجائےگا۔
صوبے کے دیگرعلاقوں میں موسم خشک اوررات سردرہنے کی توقع ہے، میدانی علاقوں میں صبح کے وقت ہلکی دھندچھاسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کو کراچی کا کم سے کم پارہ 18.5ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 31.1ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا،شہر میں بیشتروقت بلوچستان کی شمال مشرقی ہوائیں چلیں،جس کی زیادہ سے زیادہ رفتار22کلومیٹرفی گھنٹہ ریکارڈ ہوئیں۔