وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کے دل جیت لیے: تھانے میں بند کم عمر ڈرائیورز کی فوری رہائی کا حکم

Nov 25, 2023 | 11:45 AM

ایک نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی علی الصبح صوبائی کابینہ کے ہمراہ تھانہ شیرا کوٹ پہنچ گئے۔ جہاں انہوں ںے اہم حکم جاری کرکے نوجوانوں کا دل جیت لیا۔ 

تفصیلات کے مطابق تھانہ شیراکوٹ میں فرنٹ ڈیسک پر کمپیوٹر اور انٹرنیٹ بند پڑا تھا جبکہ عملہ بھی غائب تھا۔ اس کے علاوہ بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے والے متعدد نوجوان حوالات میں بند تھے۔ 

وزیراعلیٰ نے نوجوانوں سے ان کے کیسز کے بارے میں پوچھا۔ نوجوانوں ںے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلارہے تھے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے والے 11 نوجوانوں کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کر کے رہا کرنے کا حکم دیدیا۔

محسن نقوی نے پولیس کو نوجوانوں کے والدین سے بیان حلفی لینے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ نے نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کیا جارہا ہے،آپ پہلے لائسنس بنائیں،پھر موٹر سائیکل چلائیں۔ رہا ہونے والے 11نوجوانوں نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ اداکیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے موقع پر ہی ڈی آئی جی آپریشن کو فون کیا اورفرنٹ ڈیسک کیلئے متبادل ڈیوائس لینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھانے میں موجود بزرگ خاتون حنیفاں بی بی کا مسئلہ سنا اوربزرگ خاتون کے بیٹے کی بازیابی کیلئے پولیس کو ہدایات جاری کیں۔ 

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھانے کا ریکارڈ چیک کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رپورٹنگ روم میں بیٹھے نوجوان سے تھانے میں آنے کی وجہ پوچھی۔ نوجوان نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری دکان سے تاریں اورڈائیاں چوری ہوگئی ہیں، پولیس رپورٹ درج نہیں کررہی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایس ایس پی لا ء اینڈ آرڈر کوشکایت کے ازالے کے لئے فوری اقدامات کا حکم دیا۔

صوبائی وزراء منصورقادر،عامر میر،اظفر علی ناصر،ڈاکٹر جمال ناصراورابراہیم مرادبھی ہمراہ تھے۔

مزیدخبریں