ایک نیوز: کراچی میں راشد منہاس روڈ پر قائم آر جے شاپنگ سینٹر میں آگ لگنے سے اب تک 11 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ متعدد زخمی ہیں ۔
فائراینڈ ریسکیو کمانڈر کے مطابق 12 گاڑیاں، 2 سنارکل اور تقریباً 50 فائر فائٹر کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے تاہم ریسکیو اور دیگر اداروں کی کوششوں سے اب آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔
حکام کاکہنا ہے کہ آگ عمارت کے چوتھے فلورپر لگی ہے جو تیزی سے پھیلی اور بالائی منزل پردھواں زیادہ ہونے کے باعث امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔
جاں بحق اورزخمی افراد کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا ، دم گھٹنے سے زخمی ہونیوالے 7 افراد کی حالت تشویشناک ہے جو ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
جناح ہسپتال حکام کے مطابق 9 میتوں کو جناح ہسپتال لایا گیا ہے جن کی موت جھلسنے کے باعث ہوئی جبکہ تین لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے ،زخمی ہونیوالے تین افراد میں سے دو کی حالت بہتر ہے ۔
آگ سے جاں بحق ہونیوالوں کی ایک میت سول اور ایک کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق عمارت میں پھنسے 46 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تاہم دھوئیں کے باعث دم گھٹنے اور جھلسنے کے باعث اب تک 11 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی وجہ سے درجنوں دکانیں بھی جل گئی ہیں ، کثیر المنزلہ مال اور اطراف کی عمارتوں کی بجلی معطل کردی گئی ہے۔
جناح اسپتال میں مزید ایک لاش کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی،اس کے والد نے کہا ہے کہ بلال تاج الدین کی عمر 27 سال اور اگلے ماہ شادی ہونے والی تھی۔
اس حوالے سے چیف فائر بریگیڈ اشتیاق احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمارت میں آگ بجھانے کے آلات موجود نہیں تھے اور ہنگامی صورتحال میں عمارت سے باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہیں، پانچ سے چھ منزلہ عمارت میں موت کا سامان موجود تھا۔
انہوں نے کہا کہ شاپنگ مال کی بالائی منزل پر نجی دفاتر قائم ہیں، آگ کے باعث دوسری منزل سےپانچویں منزل تک نقصان ہواہے۔
سینئر ڈائریکٹر میونسپل کارپوریشن نے کہا کہ دھواں بھرجانے سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کاسامنا کرنا پڑا،پولیس، رینجرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کا آتشزدگی سے جانی نقصان پر اظہارِ افسوس
دوسری جانب نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جسٹس (ر) مقبول باقر نے شاپنگ سینٹر میں لگنے والی آگ کا نوٹس لے لیا ہے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے 9 افراد کی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ پھنسے ہوئے لوگوں کو بحفاظت ریسکیو کیا جائے۔
جسٹس(ر) مقبول باقر کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے فوری اقدامات کیے جائیں اور کوشش کی جائے کہ زیادہ نقصان سے بچا جا سکے، لوگوں کی جان و مال کی ذمہ داری حکومت کی ہے، زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جائے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا نوٹس
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے راشد منہاس روڈ پر عمارت میں آگ لگنے کا نوٹس لے لیا ، انہوں نے قیمتی جانوں کےنقصان پرافسوس کااظہار کرتے ہوئے کمشنر کراچی سےحادثےکی رپورٹ طلب کرلی ۔
گورنر سندھ نے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کردی۔