ایک نیوز نیوز: ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے فیض آباد کےقریب تحریک انصاف کو تیسری بار اسٹیج لگانے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے اسٹیج کی تیاری کا کام بند کرادیا اور کام میں مصروف عملے سے شناختی کارڈز چھین لئے گئے، پولیس نے کہا اوپر سےحکم آیا ہے یہاں اسٹیج نہیں بننے دیا جائے گا۔
انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو مری روڈ رحمان آباد میں جلسہ کرنے کی پیشکش کی ، جس کے بعد فیض آباد سے جنریٹرز اور عملہ واپس چلا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کی مقامی قیادت کو دوبارہ مقررہ جگہ پر جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی ۔سیکورٹی خدشات کے پیش نظر جلسہ گاہ کی جگہ تبدیل کرنے کی ہدایت کی تھی۔پاکستان تحریک انصاف کا دوبارہ مرکزی اسٹیج پر کام شروع ہوگیا لیکن انتظامیہ نے تیسری بار پھر اسٹیج لگانے سے روک دیا ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے مرکزی اسٹیج کو فیض آباد سے منتقلی کے معاملے پر رہنما پی ٹی آئی شبلی فراز فیض آباد مری روڈ پہنچے۔
شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انتظامیہ رکاوٹیں ڈال رہی ہے، اب نیا ڈراما شروع کردیا ہے، یہ گیم کھیلا جارہا ہے، ان باتوں سے ہم نہیں گھبراتے، جلسہ مری روڈ پر ہی ہوگا۔
خیال رہے پی ٹی آئی کو فیض آباد میں جلسے کی مشروط اجازت مل گئی لیکن ڈپٹی کمشنر نے چھپن شرائط عائد کردی ہے۔
جس میں فیض آباد کو چھبیس نومبر کی رات ہی خالی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبال پارک میں کارکنوں کو رکنے کی اجازت نہیں ہوگی ، کسی بھی جانی نقصان کے ذمہ دار جلسہ منتظمین ہوں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے شرائط کی عدم پیروی پر قانونی کارروائی کا بھی انتباہ کیا ہے۔