حکومت کی لانگ مارچ سے قبل عمران خان کو بڑی پیشکش

حکومت کی لانگ مارچ سے قبل عمران خان کو بڑی پیشکش

ایک نیوز نیوز: وفاقی وزیر داخلہ  رانا ثنااللہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو پہلی مرتبہ حکومت کی جانب سے بڑی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اگر قبل از وقت الیکشن چاہتے ہیں تو سیاستدانوں میں واپس آئیں ، پی ڈی ایم سے ملیں ، مولانا فضل الرحمان سے بھی ملیں، اگر نوازشریف اور شہباز شریف سے ملنا چاہیں تو امید ہے وہ انکار نہیں کریں گے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے  وزیر داخلہ رانا ثنااللہ  نے چیئرمین تحریک انصاف کو مخاطب کرکے کہا خان صاحب! آپ کو پنڈی سے الیکشن کی تاریخ نہیں ملے گی۔آپ نے پچھلے چند ماہ جو کچھ کہا ، کوئی آپ کی بلیک میلنگ میں نہیں آیا۔ اسٹیبلشمنٹ آپ کو الیکشن کی تاریخ نہیں لے کر دے گی۔خان صاحب آپ سیاستدان بنیں اور سیاسی قیادت کیساتھ مل کر بیٹھیں اور ڈائیلاگ  کریں۔

رانا ثنااللہ کا مزید کہنا ہے کہ آج کی میٹنگ میں تمام ایجنسیوں نے ریڈ الرٹ سے آگاہ کیا ہے۔ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے۔کوئی بھی دہشتگرد تنظیم یا دہشتگرد  آپ کے اجتماع سے فائدہ اٹھاسکتا ہے۔کل کا اجتماع ملتوی کردیں۔

راناثنااللہ نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ایک سیاسی رہنما بلیک میلنگ تک پہنچا۔اس سیاستدان نے مسلح افواج کو مختلف حوالوں سے تنقید کا نشانہ بنایا۔آرمی چیف کی تعیناتی کو بے وقعت کرنے کیلئے لانگ مارچ کا ڈھونگ رچایا گیا۔فوج کے اپنے آئینی حدود میں رہنے کے بیان کا خیرمقدم ایک سیاستدان کے سوا پورے ملک نے کیا۔ عمران خان بضد ہیں اور کل راولپنڈی میں اجتماع لگانا چاہتے ہیں۔ عوام اس فتنے فساد کے عمل میں ان کا ساتھ نہ دیں۔ویسے عمران خان یہ احتجاج نہ کریں تو بہتر ہے ، کیونکہ انہیں شرمندگی ہوگی۔

 وفاقی وزیر نے کہا ملکی ترقی کا راز آئین و قانون کی عملداری میں ہے۔ عمران خان کو چاہیے تھا کہ 26 نومبر کو اپنے اجتماع کو ملتوی کردیتے۔ابھی بھی وقت ہے وہ اجتماع کو ملتوی کردیں۔جلسے گاہ کے چاروں طرف سخت سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔ کسی بھی شخص کو تلاشی کے بغیر جلسہ گاہ میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔