ایک نیوز نیوز: دنیا کے خوش قسمت ترین بچے کی مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے بیرونی صحن میں ولادت ہوئی ہے ۔
العربیہ ڈاٹ کام کے مطابق مسجد نبوی میں موجود ہلال الاحمر کے یونٹ کو اطلاع ملی تھی کہ ایک خاتون کے یہاں ولادت ہونے والی ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہلال الاحمر کے یونٹ اور رضاکار طبی عملہ وہاں پہنچ گیا۔ لیڈی ڈاکٹر نے زچہ کا معائنہ کیا اورفوری طور پر ولادت کے لیے تیاریاں شروع کر دیں۔
اس حوالے سے ریجنل ہلال الاحمر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد علی الزھرانی نے بتایا کہ طبی ٹیم کی بروقت مدد سے ولادت کا عمل آسان ہوا۔
ڈاکٹر الزھرانی کا مزید کہنا تھا کہ زچہ کی حالت کا معائنہ کرنے پرمعلوم ہوا کہ ولادت کے لیے زچہ کو ہسپتال منتقل کرنے کا وقت نہیں اسی لیے گائنی ڈاکٹر نے فوری ولادت کی کارروائی کا آغاز کردیا۔ الزہرانی نے مزید بتایا کہ ماں اور نومولود کے چیک اپ کے بعد دونوں کو باب جبریل ہیلتھ سنٹر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں دونوں کی صحت بہتر بتائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا یہ معاملہ ان کیسز میں شامل تھا جن میں انتہائی طبی کوششوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایسی صورتحال میں فوری طور پر ایمبولینس بلانے کی کال کی اہمیت مزید واضح ہوجاتی ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں 997 پر کال کرلی جائے، ’’ہیلپ می‘‘ ایپ ایمبولنس بلالی جائے یا "توکلنا" ایپ سے کال کردی جائے تو بہت سے وقت اور محنت کی بچت ہوسکتی ہے۔