چینی و غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی کا پلان،خصوصی کمیٹی تشکیل  

May 25, 2024 | 15:24 PM

ایک نیوز: وفاقی وزیر داخلہ  محسن نقوی  نے چلاس میں سیف سٹی پراجیکٹ لگانے کیلئےجامع   پلان طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق   وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت   چلاس سیف سٹی  کے قیام کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس  ہوا۔ اجلاس میں  وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی  نے  شرکت کی ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹر ی ہوم، ایڈیشنل آئی جی خیبر پختونخوا اور آر پی او ہزارہ ویڈیو لنک کے ذریعے  شریک ہوئے۔

چلاس میں سیف سٹی کا قیام اسلام آباد اور لاہور کی طرح جدید تقاضوں کے مطابق عمل میں لایا جائے گا۔ سیف سٹی کا مقصد صرف کیمرے لگانا نہیں بلکہ ایسا نظام ہے جو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ٹولز سے لیس ہو۔

سیف سٹی پراجیکٹ سے اس علاقے کی نگرانی اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ اسلام آباد پولیس اس سلسلے میں ہر قسم کی معاونت فراہم کرے گی۔واپڈا، خیبر پختونخوا پولیس اور اسلام آباد پولیس ملکر اس سلسلے میں جامع پلان تیار کریں۔ 

وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد، آر پی او ہزارہ اور واپڈا کے نمائندوں  پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیدی، کمیٹی 15دن میں داسو   چلاس میں سیف سٹی کے قیام کے حوالے سے تفصیلی اور جامع پلان پیش  کریگی۔

وفاقی وزیر داخلہ  محسن نقوی کا مزید کہنا تھا پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، اس ذمہ داری کی ادائیگی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی ۔  

مزیدخبریں