ایک نیوز: پی ٹی آئی رہنما ملیکہ بخاری نے تحریک انصاف چھوڑنے کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دیتی ہوں۔
تفصیلات کے مطابق اپنی پریس کانفرنس میں ملیکہ بخاری نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں ، ہر پاکستانی کیلئے 9 مئی کے واقعات تکلیف دہ ہیں۔
ملیکہ بخاری نے پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چاہتی ہوں بحثیت وکیل پاکستان میں اہم کردار ادا کروں، چاہتی ہوں کہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاروں۔
قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما ملیکہ بخاری کے نظربندی احکامات ڈپٹی کمشنر نے منسوخ کردیے جس کے بعد وہ اڈیالہ جیل سے رہا ہوکر اسلام آباد روانہ ہوگئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ملیکہ بخاری کو اڈیالہ جیل سے رہائی کے فوراً بعد پولیس کی جانب سے دوبارہ گرفتار کرلیا تھا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملیکہ بخاری اور علی محمد خان کو رہا کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
اسلام آباد پولیس نے ملیکہ بخاری کی دوبارہ گرفتاری کی تردید کی تھی۔ ترجمان کیپٹل پولیس کا کہنا تھا کہ ملیکہ بخاری کو دوبارہ گرفتار نہیں کیا ہے۔
یاد رہے کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ شیریں مزاری سمیت دیگر ارکان پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں۔