پرویز الہیٰ کی عبوری ضمانت خارج, اینٹی کرپشن ٹیم گرفتاری کیلئےگھر میں داخل

ایک نیوز:اینٹی کرپشن عدالت کی جانب سے پرویز الہیٰ کی عبوری ضمانت خارج ہونے کے بعد انسداد کرپشن کی ٹیم سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے گھر میں داخل ہوگئی۔ 

تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الہی کی گجرات ترقیاتی منصوبوں میں گھپلوں کے الزام میں اینٹی کرپشن عدالت نے عبوری ضمانت منسوخ کی تھی۔پولیس کی بھاری نفری ظہور الٰہی روڈ پر پہنچ گئی۔

چودھری پرویز الٰہی کے گھر سے کسی کو باہر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔پرویز الٰہی کی رہائش گاہ کے داخلی وخارجی راستوں پر پولیس اہلکار تعینات کر دئیے گئے۔

ایس پی عمارہ شیرازی پولیس نفری کے ساتھ ظہور الٰہی روڈ پر موجود ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چودھری پرویز الہٰی کے ترجمان اقبال چودھری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب اس وقت گھر پر موجود نہیں ہیں۔اس وقت گھر میں صرف چودھری پرویز الہٰی کی فیملی ہے۔

پرویز الہی کے وکلاء نے پولیس اور اینٹی کرپشن کی ٹیم سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس سرچ وارنٹ دکھائے تو گھر کی تلاشی لینے دیں گے۔

پولیس اور اینٹی کرپشن ٹیم پرویزالٰہی کےگھر کےاندر داخل ہوگئی، پولیس گھر کے اندر چیک کر رہی ہے۔ ایس ایس پی صہیب اشرف اور ایس پی عمارہ شیرازی پولیس ٹیم میں شامل ہیں۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عمران احمر بھی پرویز الہٰی کے گھر موجود ہیں۔

آج ہر صورت گرفتار کیا جائے گا، ڈی جی اینٹی کرپشن 

اس سے قبل ظہور الہٰی روڈ کو پولیس نے ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا تھا جبکہ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے کہا تھا کہ پرویز الہی کو آج ہر صورت گرفتار کیا جائے گا، جعلی میڈیکل جمع کروانے پر بھی کارروائی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ناجائز اختیارات کا استعمال ، ترقیاتی فنڈز میں خوردبرد کا مقدمہ درج کر رکھا تھا۔

وکیل چودھری پرویز الہی عاصم چیمہ کی پریس کانفرنس: 

وکیل چودھری پرویزالہٰی نے میڈیا سے گفتگو رکرتے ہوئے کہا کہ آج کسی ایجنسی والے کوئی ایسی حرکت نہیں کی،جو پہلے ہلڑ بازی ہوئی تھی،آج پھر چودھری پرویز الہی کی گرفتاری کیلئے ایس ایس پی اور اینٹی کرپشن کی ٹیم 7/23 کیس میں آئی،ہم نے کہا لیگل ٹیم کے ساتھ تعاون کریں اور سرچ وارنٹ دکھائیں،انکے پاس سرچ وارنٹ نہیں تھے پھر بھی ہم نے انکو سرچ کی اجازت دی۔

پولیس خواتین کی موجودگی میں تلاشی لی گئیں،ہم نے پہلے ہی کہا تھا چودھری پرویز الہی گھر میں موجود نہیں ہیں،چودھری پرویز الہی گھر میں نہیں ملے پھر پولیس ٹیم واپس چلے گئے۔

قبل ازیں آج اینٹی کرپشن کی عدالت میں پی ٹی آئی صدر کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی تاہم وہ ذاتی حیثیت میں پیش نہ ہوئے۔ ان کے وکیل نے میڈیکل رپورٹ پیش کی اور حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ پرویز الٰہی کی میڈیکل رپورٹ جعلی ہیں، انہوں نے او پی ڈی کی پرچیاں لگائیں جو جعلی ہیں۔ جس پر ان کے وکیل کا کہنا تھا کہ میڈیکل رپورٹ درست ہے، اینٹی کرپشن والوں نے جواب موصول نہیں کیا۔

اس دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ پرویز الٰہی ٹی وی پر تو نظر آ رہے ہیں۔ وکیل نے بتایا کہ وہ پرانی فوٹیج ہے۔ بعد ازاں اینٹی کرپشن کی عدالت نے عدم حاضری پر ان کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔