ایک نیوز: یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان کے حوالے سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پولیس لائنز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے اسلام آباد پولیس کے آفیسرز اور جوانوں کے ساتھ پولیس کے شہداء کے لواحقین سے خطاب کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کے لواحقین سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا جو کچھ 9 مئی کو ہوا، وہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم نہ معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی اور ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ وہ شہداء جنہیں اللہ رب العزت نے حیاتِ جاوداں عطا فرما دی۔ اُن کی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کر سکتا۔ پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں جو ملک و قوم کے وقار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔
آرمی چیف نے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے وارثین کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آج کے دن پاکستانی عوام اور پاک فوج تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔
پولیس لائن آمد پر چیف آف آرمی سٹاف کا استقبال انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے کیا۔