ایک نیوز: وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہماری خارجہ پالیسی بہتری کی جانب گامزن ہے، دنیا کا مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہونا دشمنوں کو منہ توڑ جواب ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں فضائیہ میڈیکل کالج کے دوسرے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاس ہونے والے تمام طلباء کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اپنی روایات اور اقدار کو کبھی مت بھولیں۔امید ہے کامیاب طلباء ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے، ہر مشکل آپ کو مضبوط بنائے گی، طلباء معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا اس وقت متعدد چیلنجز کا سامنا کررہی ہے، ہماری خارجہ پالیسی بہتری کی جانب گامزن ہے۔دنیا کو اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات پر دنیا پاکستان کے ساتھ ہے۔دنیا کا مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہونا دشمنوں کو منہ توڑ جواب ہے، پاکستان نے جس طرح کورونا کا مقابلہ کیا وہ بھی دنیا کے سامنے ہے، جدید ٹیکنالوجی اپنانے والے ملک ترقی کریں گے، ہمیشہ کوشش رہی کہ میڈیکل کے شعبے میں ترقی لائی جائے۔
بلاول بھٹو زرداری کا مزیدکہنا تھا کہ گمبٹ کی تحصیل کے سرکاری اسپتال میں لیور ٹرانسپلانٹ ہوتا ہے، گمبٹ کے سرکاری اسپتال میں مفت بون میرو ٹرانسپلانٹ ہوتا ہے۔