ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قومیں اپنے تاریخی ورثے کو جان سے زیادہ عزیز رکھتی ہیں مگر یہاں آگ لگا دی گئی، 9 اور 10 مئی کے دلخراش واقعات نے پوری قوم کو رنجیدہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے ریڈیو پاکستان پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی تاریخی عمارت پر حملے سے ہم سب دکھی ہیں، یہ وہ تاریخی عمارت ہے جس میں پاکستان بننے سے قبل ریڈیو کا نظام موجود تھا۔ ریڈیو پاکستان کو آگ لگانے سے زیادہ ملک دشمنی کیا ہو گی، شر پسندوں کی جانب سے چاغی کے ماڈل کو بھی جلا کر راکھ کر دیا گیا۔ اس عمارت سے 1947 میں آزادی کی آوازیں بلند ہوئیں، انہوں نے سوال اٹھایا کہ جہاں سے آزادی کی آوازیں بلند ہوئی ہوں اس کو جلا دینا حب الوطنی ہے؟
انہوں نے کہا کہ جن شرپسندوں نے یہ شرمناک کام کیا ان میں اور ملک دشمنوں میں کوئی فرق نہیں، 100 سال کے ریکارڈ اور تاریخی ورثے کو تباہ کیا گیا۔ اپنوں نے دشمن بن کر یہ کام کیا، قانون اور آئین کے مطابق سزا ضرور ملے گی۔ ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے حوصلے کی داد دیتا ہوں اور ملازمین کی تنخواہیوں کی فوری ادائیگی کا اعلان کرتا ہوں۔