مدینہ جانیوالی پرواز 30 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار

May 25, 2023 | 11:18 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ جانے والی پرواز 30 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکارہونے سے مسافر شدید  مشکلات کا شکار ہیں ۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آبادانٹرنیشنل ائرپورٹ سے مدینہ جانے والی ائرلائن کی پرواز مسلسل تاخیر کا شکار  ہے جس سےمسافروں میں عازمین حج کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ جن میں بزرگ، خواتین و بچے بھی ہیں اور ائرپورٹ پر انتظار کی زحمت اٹھانے پر مجبور ہیں۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ سعودی ائرلائن کی پرواز نمبر ایس وی 3723 نے شیڈول کے مطابق بدھ کی صبح 10 بجے مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہونا تھا۔ پرواز کے ذریعے بڑی تعداد میں عازمین حج بھی حجاز مقدس روانہ ہونے کے لیے تیار تھے لیکن چند گھنٹے قبل ہی ائرلائن انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کو پیغامات و فون کالز کے ذریعے آگاہ کیا گیاکہ پرواز شام 6 بجے روانہ ہوگی۔

مسافر 3 گھنٹے پہلے دن ڈھائی بجے ائرپورٹ پہنچے اور پرواز نمبر ایس وی 3723 کے لیے مسافروں کی بورڈنگ شروع کرتے ہوئے پاسز جاری ہونے کے بعد بھی شام 6 بجے پرواز روانہ نہیں ہوسکی۔ مسافر ڈیپارچر لاؤنج میں بیٹھ کر انتظار کرتے رہے۔ کئی گھنٹوں کے بعد مسافروں نے طیارے میں سوار نہ کرائے جانے کے متعلق دریافت کیا تو عملے نے بتایا کہ طیارہ نہیں پہنچا۔

جس کے بعد مسافروں کو بتایا گیا کہ  اب پرواز رات ایک بجے روانہ ہوگی ،جس پر بورڈنگ مکمل ہونے  اور سامان بک ہونے کے باعث مسافروں نے ائرپورٹ ہی پر انتظار شروع کردیا۔ جیسے ہی پرواز کے لیے دیاگیا نیا وقت قریب پہنچا تو ائرلائن عملے نے مسافروں سے کہا کہ اب پرواز جمعرات کی شام 5 بجے روانہ ہوگی، جس پر مسافروں میں شدید بے چینی پھیل گئی۔

ائرپورٹ پر پھنسے عازمین حج اور دیگر مسافر سخت ذہنی اذیت میں مبتلا ہو گئے۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ مسلسل انتظار کروانے کے بعد ائرپورٹ حکام و ائرلائن انتظامیہ کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ اب قیام کے لیے ہوٹلز کا بندوبست کیا جا رہا ہے لیکن جمعرات کی شام 5 بجے بھی پرواز روانہ ہوگی یا نہیں،  ہمیں کچھ نہیں بتایا جا رہا۔

مزیدخبریں