ایک نیوز: دنیا کے مشہور سافٹ ویئر ایڈوبی فوٹوشاپ نے اپنا پہلا جنریٹوو اے آئی ٹول پیش کردیا ہے جو تخلیق کاروں کے گھنٹوں بچاکر ان کی تصاویر میں چار چاند لگاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت کی بدولت ٹیکسٹ لکھنے سے فوری طور تصویر یا اس کے کسی ایک پہلو کا اضافہ ہوجاتا ہے لیکن ابھی اس کا بی ٹا ورژن ریلیز کیا گیا ہے اور باضابطہ طور پر ایپ کا حصہ نہیں بنا ہے۔ کمپنی کے مطابق سال کے آخر تک یہ ٹول عام استعمال کے لیے پیش کردیا جائے گا۔
کمپنی نے اسے ’جنریٹوو فِل‘ کا نام دیا ہے جو ایک کلک سے دن کے منظر کو رات میں بدل سکتا ہے۔ یہ سبسکرائبر کو آزمائش کےلیے دیا گیا ہے جبکہ دیگرٹولز کے مجموعے کو ’فائرفلائی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس میں 20 اقسام کی تصاویر اور ان میں اے آئی کے اثرات کے نمونے بھی پیش کئے گئے ہیں۔اگر تصویر میں ایک پھول ہے تو چند کلک سے آپ مزید پھول کا اضافہ کرسکتے ہیں۔
اسی طرح ایک منظر میں عمارات شامل کی جاسکتی ہیں۔ ایک تصویر میں بوڑھے شخص کے ہاتھ میں مویشیوں کو پکڑنے والا کوڑا ہے جسے پاستہ میں تبدیل کیا گیا ہے۔ اسی طرح دیگر اہم اجزا کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔