ویب ڈیسک :بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنے آبائی علاقے ہماچل پردیش سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے گزشتہ روز 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے امیدواروں کی اپنی پانچویں فہرست کا اعلان کیا۔ فہرست میں شامل ایک اہم نام بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کا ہے جو ہماچل پردیش سے بی جے پی کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑیں گی۔ بی جے پی کی جانب سے ٹکٹ ملنے پر کنگنا رناوت نے پارٹی کا شکریہ ادا کیا اور اسے ایک اعزاز قرار دیا۔
کنگنا کے سیاست میں آنے کی افواہیں اس وقت سے گردش کر رہی تھیں جب انہوں نے گزشتہ ہفتے کو بی جے پی کے نیشنل پریزیڈنٹ جے پی نڈا سے ملاقات کی تھی۔کنگنا نے پہلے بھی کچھ میڈیا انٹرویوز میں سیاست میں آنے کا اشارہ دیا تھا۔
ماضی میں دیکھا گیا کہ وہ مودی حکومت اور بی جے پی کی حمایت میں کافی آواز اٹھاتی رہی ہیں اور اداکارہ اس سیاسی جماعت کے کئی اقدامات کے علاوہ ان کے نظریاتی موقف کی بھی حمایت کرتی رہی ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کنگنا رناوت جلد ہی ایک سوانحی تاریخی ڈراما فلم ’ایمرجنسی‘ میں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، یہ فلم 1975 اور 1977 کے درمیان بھارت میں لگنے والی ایمرجنسی پر مبنی ہے۔