ایک نیوز :وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد محمد نواز شریف فیصل آبادپہنچے جہاں انہوں نے دھاتی ڈور سے جاں بحق ہونے والے نوجوان آصف اشفاق کےاہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ۔
مریم نوازاور محمد نواز شریف نے آصف اشفاق کے والد محمد اشفاق اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت اور دعائےمغفرت کی اورآصف کی وفات پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہارکیا ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مرحوم آصف اشفاق کی والدہ کو گلے لگا کر تسلی دی،مرحوم کی والدہ ہچکیاں لے کر رونے لگیں اورکہا کہ آصف کی شادی کرنی تھی،وزیر اعلی مریم نواز ان کا ہاتھ تھام کر تسلی تشفی دیتی رہیں،قائد محمد نواز شریف نے سوگوار خاندان کو دلاسہ بھی دیا ۔مرحوم کے بھائی اور والد نے وزیر اعلیٰ سے کہا کہ ہمارا آصف چلا گیا، کسی اور کا آصف نہ جائے۔
اس موقع پر میاںنوازشریف نے کہا کہ سب ملکر اس جرم کو روکیں، خوفناک وڈیو دیکھی نہیں جاتی۔مریم نواز نے کہا کہ ماں ہوں اور ماں کے دکھ کو سمجھتی ہوں۔آصف اشفاق کی دردناک موت پورے معاشرے کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ پتنگ بازی تفریح نہیں خونی کھیل بن چکا ہے۔ والدین اپنے بچوں کو پتنگ بازی سے رو کنے کی سماجی ذمہ داری پوری کریں۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ دھاتی تار بنانے، بیچنے اور خریدنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔آئی جی پولیس نے واقعہ کے ذمہ دار افراد کی گرفتاری کے بارے میں بتایاڈور منگوانے ، بیچنے اور خریدنے والے ٹریس ہوچکے ہیں۔