مفت آٹےکےمعیارپرسمجھوتہ نہیں ہوگا،وزیراعظم

Mar 25, 2023 | 22:05 PM

ایک نیوز:وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مستحقین کو مفت آٹے کے معیار پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میں مفت آٹے کی فراہمی پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب،مشیرِ وزیر اعظم احد چیمہ، سابق اراکین قومی اسمبلی طارق فضل چودھری، انجم عقیل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا تھا کہ مفت آٹے کے مرکز پر آنے والا کوئی بھی مستحق شخص بغیر آٹے کے واپس نہیں لوٹنا چاہیے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ رجسٹرڈ نہ ہونے والے مستحق افراد کی فوری رجسٹریشن یقینی بنائی جائے،آٹا تقسیم مراکز پر نادرا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام رجسٹریشن کیلئے اپنے کاونٹرز فوری قائم کریں۔رمضان کے دوران غریب طبقے کی مشکلات میں جہاں تک ممکن ہو سکے کمی کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے،مفت آٹے کے معیار میں کسی قسم کی کمی نہیں ہونی چاہیے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مفت آٹا اسکیم پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں جاری ہے جس سے اہل خاندانوں کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے۔ اسلام آباد میں مفت آٹے کے حصول کو بہتر بنانے کے لیے مفت آٹا مراکز کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے۔

وزیراعظم کاکہنا تھا کہ  رمضان کے دوران غریب طبقے کی مشکلات میں جہاں تک ممکن ہو سکے کمی کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے ۔ مفت آٹے کی فراہمی کے عمل میں بہتری لانے کے لیے خود شہروں کا دورہ کر رہا ہوں۔ لاہور ، قصور اور سرگودھا کے بعد دیگر شہروں میں آٹے کی فراہمی اور معیار کا جائزہ لونگا۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ایسے اہل افراد جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں اور اس وجہ سے مفت آٹا حاصل نہیں کر پا رہے انکی فوری رجسٹریشن یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ آٹا تقسیم پوائنٹس پر نادرا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام رجسٹریشن کیلئے اپنے کاونٹرز فوری قائم کریں۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کوئی بھی مستحق شخص جو مفت آٹے کے مرکز پر آتا ہے اسے آٹا لازمی ملنا چاہیے اور اس حوالے سے متعلقہ ادارے تمام یقینی اقدامات کریں۔

مزیدخبریں