ایک نیوز :تحریک انصاف کے مینار پاکستان لاہور میں جلسے کے حوالے سے پنجاب حکومت نے تھریٹ الرٹ جاری کردیا۔
تفصیلات کےمطابق پنجاب حکومت کی جانب سے جاری تھریٹ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد دھماکا خیز مواد کے ساتھ لاہور پہنچ چکے ہیں جو سیاسی جلسے یاجلوس کی سکیورٹی پر تعینات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔مینار پاکستان پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خطاب کیلئے بلٹ پروف کنٹینر کا بندوبست کیا گیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں نگران وزیراطلاعات پنجاب عامرمیر نے کہا کہ رکاوٹیں کھڑی کرکے لوگوں کو جلسے میں جانے سے نہیں روکا گیا بلکہ قانون نافذکرنے والےاداروں کی جانب سے شہریوں کو تحفظ دینے کیلئے چیکنگ کی جارہی ہے۔ کسی بھی سیاسی جماعت کےکارکنوں کوجلسےمیں شمولیت سےنہیں روکا جا رہا، حکومت نے پی ٹی آئی کو جلسہ کرنےکی اجازت دی رکھی ہے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مینار پاکستان جلسے کے موقع پر جلسہ گاہ جانے والے راستے بند کردیے گئے ہیں۔مینارپاکستان گراؤنڈ جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے جب کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کنٹینر لگائے گئے ہیں۔راوی پل اور ریلوےاسٹیشن سےمینارپاکستان جانے والے راستے بند ہیں جب کہ شاہ عالم مارکیٹ میں بھی کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ سگیاں پل، انجینئرنگ یونیورسٹی روڈ کےراستے بند ہیں، شاہدرہ، راوی ٹول پلازہ، بتی چوک سے مینارپاکستان جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگاکربند کیا گیا ہے جب کہ نیازی چوک، دہلی دروازہ اور دوموریہ پل کو بھی بند کردیاگیا ہے۔
پی ٹی آئی کا مینار پاکستان جلسہ،حکومت نے تھریٹ الرٹ جاری کردیا
Mar 25, 2023 | 20:37 PM