ایک نیوز: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس کی اندرونی کہانی منظرعام پر آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مینار پاکستان تقریر کے اہم نکات تیار کرلیے گئے ہیں۔ عمران خان کی جانب سے آج مینار پاکستان میں اہم اعلانات متوقع ہیں۔ عمران خان اپنی تقریر میں الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب کے انتخابات ملتوی کئے جانے پر سخت ردعمل کا اظہار کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین اپنی تقریر میں حکومت کی جانب سے عدلیہ کے خلاف چلائی جانے والی مہم کا بھی موثر جواب دیں گے۔ عمران خان اپنے قتل کی سازش کے پس پردہ حقائق بھی قوم کے سامنے رکھیں گے۔ عمران خان کا مینار پاکستان خطاب میں ملک بھر میں جلسے جلوس اور ریلیوں کے اعلان کا بھی امکان موجود ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے قائم کئے گئے مقدمات بارے بھی قوم کو آگاہ کریں گے۔ عمران خان زمان پارک میں ہونے والے پولیس آپریشن کے حوالے سے بھی اظہار خیال کریں گے۔ عمران خان اپنے خطاب میں آئندہ کے لائحہ عمل بارے عوام کو اعتماد میں بھی لیں گے۔