مفت آٹے کیلئے دھکے کھانیوالا شہری آٹا ملتے ہی جان کی بازی ہار گیا

مفت آٹے کیلئے دھکے کھانیوالا شہری آٹا ملتے ہی جان کی بازی ہار گیا

ایک نیوز: آٹے کا رونا، عوام سستے آٹے کیلئے رُل گئی، لوگ جان کی بازیاں ہارنے لگے۔ 

رپورٹ کے مطابق بھکرکی یونین کونسل نوتک میں مفت آٹے کے حصول کےلیے آنے والا شہری انتقال کرگیا۔ 66 سال کا الٰہی بخش صبح 6 بجے آٹےکے حصول کے لیے یوسی آفس میں موجود تھا، الٰہی بخش نے لائن میں لگ کر آٹا وصول کیا اور گرگیا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ الٰہی بخش کی طبعیت کی خرابی کی اطلاع ملی لیکن امداد پہنچنے تک وہ دم توڑ چکا تھا۔ڈپٹی کمشنرکا کہنا ہے کہ واقعےکی انکوائری کا حکم دیا گیا ہے  جس میں شہری کی موت کی وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔

 جتوئی میں  سرکاری مفت قائم  آٹے کے پوائنٹ پر رش کے باعث بھگدڑ مچنے سے 60 سالہ بزرگ خاتون جاں بحق گئی ۔ ریسکیو  اہلکاروں کے  کیمطابق 60 سالہ زہرہ بی بی نجی  میرج ہال میں قائم سرکاری آٹا پوائنٹ کا گیٹ کھلنے کا انتظار کررہی تھی گیٹ کھلنے پر سینکڑوں مردوخواتین نے اکٹھے ہی گیٹ سے اندر گھسنے کی کوشش کی اس دوران دھکم پیل کے باعث بزرگ خاتون توازن کھو بیٹھی اور قدموں تلے آکر شدید زخمی ہوگئی.

ریسکیو کی جانب سے خاتون کو  ٹی ایچ کیو ہسپتال جتوئی منتقل کیا جارہا تھا مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی.واقعے کے فوری بعد ڈپٹی کمشنر آغا  ظہیر عباس شیرازی نے موقع پر پہنچ کر  معاملے کا نوٹس لیکر  شفاف تحقیقات کا حکم جاری کیا ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ  آغا ظہیر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے نجی میرج ہال میں آٹا فراہم کرنے کے انتظامات کیے گئے تھے.ڈپٹی کمشنر ظہیر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ آٹے پوائنٹ کھلنے کے موقع پر نظم و ضبط کا خیال نہ رکھنے کے باعث افسوسناک واقعہ پیش آیا،معاملے کی تحقیقات کے دوران میں کوئی قصور وار ثابت ہواتو ذمہ داران کیخلاف کاروائی کی جائیگی۔

واضح رہے کہ   چارسدہ میں مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بھَگدڑ مچنے سے 40 سالہ شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔بنوں میں بھی مفت آٹے کی فراہمی کیلئے مختص کیے گئے پوائنٹ نمبرسات بنوں فلور مل پر مفت آٹے کے انتظار میں کھڑے لوگوں پر دیوار گر گئی تھی۔دیوار گرنے سے دو افراد گل آزاد اور گل خان جاں بحق ہو گئے اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ 

بہاولپورمیں بلدیہ روڈ پر سرکاری آٹے کے سیل پوائنٹ پر آٹے کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی تھی جس میں بھگدڑ کے باعث 8 خواتین شدید زخمی ہوئی تھیں جبکہ ایک خاتون کی ٹانگ بھی ٹوٹ گئی تھی۔منچن آباد میں  سابقہ نادرا آفس کے قریب مفت آٹا پوائنٹس پر شہریوں کے انتہائی رش اور بدنظمی کے باعث بھگدڑ مچ گئی تھی جس کے نتیجے میں کئی مرد اور خواتین پاؤں تلے کچلے گئے تھے. بھگدڑ مچنے پر سیکورٹی پر معمور اہلکار زخمیوں پر ڈنڈے برساتے رہے. موقع پر موجود لوگ اپنے پیاروں کو زخمی ہونے سے بچاتے اور رش سے باہر نکالنے کی کوشش کرتے رہے . بھگدڑ کے دوران اے سی آفس کا عملہ بھی زد میں آگیاجس میں اسسٹنٹ کمشنر معجزانہ طور پر محفوظ رہے.