ایک نیوز: وفاقی و پنجاب حکومت کی جانب سے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کیلئے ایک اور بڑا فیصلہ کر لیاگیا، پنجاب کابینہ نے ایک آٹےکا تھیلا لینے والے تمام خاندانوں کیلئے بیک وقت 20کلوکےآٹےکاتھیلا دینے کی منظوری دیدی۔اس فیصلے کااطلاق 29مارچ سے ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کو با ربارسنٹرزکے چکر لگانے کی زحمت نہیں ہوگی،اجلاس میں پنجاب بھر میں مفت آٹے کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، صوبائی وزراء او رسیکرٹریز تسلسل کے ساتھ سنٹرز کے دورے جاری رکھیں اور اپنی رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائیں۔
اجلاس میں رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز کاجائزہ لیاگیا، صوبائی وزراء او راعلیٰ حکام پرمشتمل کمیٹی تشکیل جو رجسٹریشن کے حوالے سے اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی،پنجاب کابینہ نے آٹے کی فراہمی کےعمل پر اطمینان کا اظہار ظاہرکردیا،اب تک تقریباً 70لاکھ سے زائد آٹا تھیلے مستحق افراد میں تقسیم کئے جا چکے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لئے بازاروں او رمارکیٹوں کو بھی چیک کیاجائے اور پوری انتظامیہ اس ضمن میں متحرک رہے۔اجلاس میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن او رمحکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی ایڈہاک پر بھرتی کی منظوری دی گئی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ اور سوشل ویلفیئر اور بیت المال کے کنٹریکٹ ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری دی گئی،سپیشل بچوں کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ آ ٹزم سینٹر کے قیام کیلئے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جوہر ٹاؤن میں 26 کنال 10 مرلے سے زائد اراضی محکمہ سپیشل ایجوکیشن کو منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔پنجا ب کابینہ کا چائلڈ پروٹیکشن بیوروکی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار،ادارے کی تنظیم نو کی جائے گی۔
کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے سنٹرز میں 1050بچے موجود ہیں جبکہ ادارے کے عملے کی تعداد 750ہے۔محسن نقوی نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے سنٹرز میں موجود بچو ں کی بہترین انداز میں دیکھ بھال کرنے کی ہدایت دیدی،سوشل ویلفیئر اور بیت المال ڈیپارٹمنٹ او رلاہو رانسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے درمیان ایم او یو کی منظوری دی گئی، کیبنٹ سٹینڈنگ کمیٹی برائے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے قیام کی منظوری بھی دی گئی،صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر کمیٹی کے کو چیئرمین ہوں گے۔ لاہور، فیصل آباد،راولپنڈی او رگوجرانوالہ کی ڈرگ کورٹ میں چیئرپرسن کی آسامیو ں پر تعیناتی کی منظوری جبکہ گورنمنٹ آف پنجاب کے اکاؤنٹس کی آڈٹ رپورٹس برائے سال 2020-21 اور 2021-22 کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب کابینہ کے پہلے 10 اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی،صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔