فیاض الحسن چوہان کا الیکشن کمیشن پر آرٹیکل 6 لگانے کا مطالبہ

Mar 25, 2023 | 12:19 PM

ایک نیوز: پی ٹی آئی رہنما نے سپریم کورٹ سے الیکشن کمیشن پر آرٹیکل 6 کے اطلاق کا مطالبہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے قانون اور آئین کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق فیاض الحسن چوہان نے جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پانچ سو کے قریب کارکن اب تک پکڑے گئے ہیں۔ پنجاب بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ لوگ ان کارروائیوں سے عمران خان کو مزید مقبول کررہے ہیں۔ حیرانی ہے نگران حکومت نے مینار پاکستان میں پانی چھوڑ دیا۔ آئین اور قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کو کوئی اختیار نہیں وہ الیکشن کی تاریخ دے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سمیت ان سب پر آرٹیکل چھ لگتا ہے۔ الیکشن میں کسی صورت تاخیر نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا 8 اکتوبر تک مہنگائی ختم ہوجائیگی اس ملک میں؟ پی ڈی ایم الیکشن میں اس وقت پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔

انہوں نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن پر آرٹیکل چھ لگایا جائے۔ الیکشن کمیشن نے قانون اور آئین کی دھجیاں اڑائی ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ تمام تر مخالفتوں اور پابندیوں کے باوجود آج لاہور میں پاکستان تحریک انصاف تاریخی جلسہ کرے گی۔

مزیدخبریں