ایک نیوز: سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہےکہ الیکشن شیڈول منسوخ کرواکے شہباز شریف اور محسن نقوی دونوں آرٹیکل 6کے مرتکب ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں ہائیکورٹ بارکے صدر اشتیاق خان اورلاہوربارکے صدر انتظار حسین سے ملاقات میں پرویز الٰہی نے کہا کہ اسحاق ڈار، خواجہ آصف اور راناثنااللہ کی وزارتوں اور محسن نقوی نے انتخابات کےلیے فنڈز اور عملہ فراہم کرنے سے انکارکیا۔انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ شہباز شریف،آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری کےکہنے پرکیاگیا، الیکشن کمیشن کے پاس الیکشن شیڈول منسوخ کرنے کاکوئی اختیارنہیں۔
سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ الیکشن شیڈول منسوخ کرواکے شہباز شریف اور محسن نقوی نے آئین توڑا اور سپریم کورٹ کے احکامات کی توہین کی ہے، دونوں آرٹیکل 6کے مرتکب ہوئے ہیں، حکومت اور الیکشن کمیشن کو اپنے غیر آئینی فیصلے پرسپریم کورٹ میں منہ کی کھانا پڑےگی۔