ویب ڈیسک: امریکا میں وائلڈ تھانگ نامی ایک کتے نے دنیا کے بدصورت ترین کتا ہونے کا مقابلہ جیت لیا ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گذشتہ ہفتے کیلیفورنیا میں دنیا کے بدصورت ترین کُتوں کا مقابلہ ہوا جس میں 8 بدصورت کُتوں نے حصہ لیا،اس مقابلے میں شریک وائلڈ تھانگ نامی 8سال کے کتے نے سال 2024 کے بدصورت ترین کتے کا تاج سر پر سجالیا۔
کتے کی مالکن این لیوس کو 5،000 ڈالر کی انعامی رقم دی گئی،مقابلے میں شریک روم نامی 14 سالہ کتے نے دوسری جبکہ ڈیزی مے نامی 14 سالہ ریسکیو کتےنے تیسری پوزیشن حاصل کی جنہیں بالترتیب 3 ہزار ڈالر اور 2 ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی گئی۔
اس سال بدصورت ترین کُتے کا مقابلہ جیتنے والا ’ وائلڈ تھانگ‘ اس سے قبل پانچ بار اس مقابلے میں حصہ لے چکا ہے اور وہ گزشتہ تین بار وہ دوسرے نمبر پر آیا تھا تاہم اس سال وہ یہ مقابلہ جیتنے میں کامیاب رہا۔
وائلڈ تھانگ وائرل بیماری کینائن ڈسٹمپر کا شکار رہا جس کی وجہ سے اسے بہت سے جسمانی مسائل کا سامنا ہے۔ اس بیماری کی وجہ سے وائلڈ تھانگ کے دانت نہیں بڑھے اور اس کی زبان باہر رہتی ہے اور اس کی دائیں اگلی ٹانگ ہر وقت ہلتی ہے۔
ایونٹ کی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کے بدصورت کُتے کا مقابلہ تقریباً 50 سالوں سے منعقد کیا جا رہا ہے جہاں کُتوں میں موجود اُن خامیوں کو اجاگر کیا جاتا ہے جو انہیں باقی کُتوں سے منفرد بناتی ہیں۔
وائلڈ تھانگ نامی کتا دنیا کا بدصورت ترین کتا قرار
Jun 25, 2024 | 18:53 PM