ایک نیوز : محرم الحرام کی آمداور انتظامات کے سلسلے میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا، ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ایس پی سیکیورٹی، ایم سی ایل، واسا، ایل ڈبلیو ایم سی، پولیس ،ریسکیو 1122، لیسکو، جلوس منتظمین اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران منعقد ہونے والی مجالس و جلوس کا جائزہ لیا گیا ، جلوس منتظمین نے ڈی سی لاہور کو لائٹس، تجاوزات اور پیچ ورک سے متعلق بریفنگ دی، اسسٹنٹ کمشنرز نے ماڈل ٹاؤن، شالیمار، سٹی، رائیونڈ اور کینٹ کی مجالس و جلوسوں انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدرنے تمام متعلقہ اداروں کو اہم ٹاسک تفویض کر دیے، ایم سی ایل جلوس روٹس پر لائٹنگ اور پیچ ورک انتظامات کو دیکھیں گے، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کسی بھی ناگہانی صورت سے نمٹنے کے لئے عارضی ہسپتال قائم کریں گے۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ جلوس کی مانیٹرنگ کے لئے ڈی سی آفس میں کنٹرول روم اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے، واسا جلوس روٹس پر ڈی واٹرنگ مشینری اور کیمپ لگائیں گے، واسا مون سون بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں اور جلوس روٹس سے فوری پانی کو نکالیں گے۔
ایل ڈبلیو ایم سی جلوس روٹس پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مانیٹر کریں گے، لیسکو جلوس روٹس پر سے لٹکتی ہوئی تاروں کو ہٹائیں گے،سول ڈیفنس کے اہلکار پولیس اہلکاروں کے ساتھ ملکر ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، ریسکیو 1122 ایمبولینسز، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں، موبائل بائیک ایمبولینسز جلوس روٹس پر تعینات کریں گے۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے انتظامی افسران کو حساس پوائنٹس کو لائسنس ہولڈرز کے ساتھ وزٹ کرنے کی بھی ہدایت دی،محرم الحرام میں سو فیصد انتظامات کو قبل از وقت یقینی بنایا جائے گا، جلوس و مجالس منتظمین نے ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی،محرم الحرام میں امن و امان اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے امن کمیٹی ممبران کے ساتھ تمام ادارے اپنا اپنا کردار ادا کریں گے۔
محرم الحرام کی آمداور انتظامات کے سلسلے میں اجلاس کا انعقاد
Jun 25, 2024 | 18:16 PM