سپریم کورٹ کے تین نئے ججز نے حلف اٹھا لیا

Jun 25, 2024 | 10:24 AM

ایک نیوز: جسٹس عقیل احمد عباسی، جسٹس شہزاد احمد خان اور جسٹس شاہد بلال حسن نے بطور جج سپریم کورٹ حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ آف پاکستان میں منعقد ہوئی، جہاں چیف جسٹس  آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے ان سے حلف لیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں 3 ججوں کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔

نوٹیفکیشن میں جسٹس عقیل احمد عباسی، جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور جسٹس شاہد بلال حسن کی بطور جج سپریم کورٹ آف پاکستان میں تعیناتی کی منظوری دی گئی تھی۔

اسلام آباد سے وزارتِ قانون نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد ججز کی تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

صدرِ مملکت نے آئین کے آرٹیکل 177 کے تحت ان تعیناتیوں کی منظوری دی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آئین کے آرٹیکل 196 کے تحت جسٹس شجاعت علی خان قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مقررکردیے گئے۔

جسٹس شجاعت علی خان مستقل چیف جسٹس کی تقرری تک قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ رہیں گے۔

جسٹس محمد شفیع صدیقی کو قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جسٹس ملک شہزاد خان چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، جسٹس عقیل احمد عباسی چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ اور جسٹس شاہد بلال حسن لاہور ہائیکورٹ کے جج تھے۔ 

مزیدخبریں