ایک نیوز: پیٹرن انچیف جہانگیر ترین کاکہنا ہے کہ نااہلی مدت بل کی منظوری پراللہ کاشکر گزار ہوں۔
استحکام پاکستان پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین سے رابطہ کرکے قومی اسمبلی میں نااہلی کی مدت کے تعین سے متعلق بل کی پاس ہونے پر مبارکباد دی۔
قومی اسمبلی سے نااہلی کی مدت کے حوالے سے بل کی منظوری کے بعد پارٹی رہنماؤں اور وکررز نے جہانگیر ترین سے رابطے کئے۔ جہانگیر ترین نے نیک خواہشات پر پارٹی رہنماؤں اور وکررز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بل کی منظوری پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔
جہانگیر ترین کاکہنا تھا کہ سیاست میں واپسی پر وہ ملک وقوم کی بہتری کے لئے اپنی پارٹی کے پلیٹ فارم سے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ جہانگیر ترین اس وقت اپنی فیملی کے ہمراہ علاج کے سلسلے میں لندن میں موجود ہیں اور عید الاضحیٰ کے بعد پاکستان واپس آئیں گے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی نے نااہلی کی مدت کے تعین اور الیکشن کی تاریخ سے متعلق اصلاحات کا بل اتفاق رائے سے منظور کر لیا ہے۔ اس بل میں نااہلی کی مدت پانچ سال رکھ دی گئی ہے اور اس کی منظوری سے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما جہانگیر ترین سمیت دیگر کے لیے اہلیت کی راہ ہموار ہوگی۔