ایک نیوز: شہدا پاکستان کو سلام، وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لانس نائیک فہیم مشتاق شہید انتہائی دلیر انسان تھے۔ جنہوں نے وطنِ عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا۔ لانس نائیک فہیم مشتاق شہید نے 12 مئی 2023 کو بلوچستان میں قلعہ سیف اللہ ہیڈ کوارٹر پر دہشت گردوں کے حملے میں جواں مردی اور دلیری کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے وطن کے دفاع کیلئے جام شہادت نوش کیا۔
لانس نائیک فہیم مشتاق شہید کا تعلق تحصیل کبیروالا، ضلع خانیوال سے تھا۔ لانس نائیک فہیم مشتاق شہید نے سوگواران میں بیوہ، والدین اور بہن بھائی چھوڑے۔ شہید کے ورثاء نے 9 مئی کے سانحہ پر مذمت کرتے ہوئے شرپسندوں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
لانس نائیک فہیم مشتاق شہید کے والد کا کہنا تھا کہ "میں اپنے بیٹے کی جدائی کے غم میں نڈھال ہوں مگر بیٹے کی شہادت پر ناز ہے"۔ "9مئی کو جو شہیدوں کی بے حرمتی کی گئی، اس پر دل کافی رنجیدہ ہوا"۔ ''میرے دل کو چین نہیں ملے گا جب تک 9مئی کے واقعہ میں ملوث شر پسندوں کو سزانہ دی جائے''۔ "مجھے فخر ہے کہ میرے بیٹے نے وطن عزیز کی خاطر اپنی جان کی قربانی دی"۔
لانس نائیک فہیم مشتاق شہید کے بھائی کا کہنا تھا کہ "مجھے شہید لانس نائیک فہیم مشتاق کا بھائی ہونے پر فخر ہے"۔ "وطن عزیز کی خاطر افواج پاکستان کی دی ہوئی قربانیوں کی بے حرمتی کسی صورت قابل قبول نہیں"۔
شہید کی والدہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ "میرا بیٹاکہتا تھا کہ وطن عزیز کی خاطر شہید ہوکر آپ کو عظیم ماں بناؤں گا"۔ "مجھے اپنے بہادر بیٹے کی شہادت پر فخرہے"۔
اسی طرح شہید کی بیوہ نے کہا کہ "میرے لیے یہ بہت صدمہ کی بات تھی لیکن مجھے فخر ہے کہ میرا شوہر پاکستان کیلئے شہید ہوا"۔
لانس نائیک فہیم مشتاق شہیداپنی جوانی وطنِ عزیز پر قربان کر کے آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ بن گیا۔