ایک نیوز: تحریکِ انصاف نے کراچی کے مزید 6 بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی سے نکال دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے میئر کراچی کے الیکشن میں غیر حاضر رہنے والے بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
اس حوالے سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق نکالے گئے نمائندوں میں صدر ٹاؤن کے علی رضا، کورنگی ٹاؤن کے سلمان خان، صدر ٹاؤن یوسی ون کے چیئرمین عمران پروانی اور مورو میر بحر ٹاؤن کے عبدالمجید شامل ہیں۔
اورنگی ٹاؤن یوسی 5 کے چیئرمین ملک اختر اور یوسی 7 مومن آباد کے محمد ادریس کو بھی پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ جوابات اطمینان بخش نہیں اور ایک جیسے اسٹیریو ٹائپ ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پی ٹی آئی نے میئر کراچی کے الیکشن میں پارٹی ہدایت پرعمل نہ کرنے پر 11 بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی سے نکالا تھا۔