پشاور میں ایک اور سکھ شہری قتل

Jun 25, 2023 | 00:40 AM

 ایک نیوز :پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اور سکھ شہری منموہن سنگھ چل بسا۔

پشاورپولیس ترجمان کے مطابق گلدرہ کے علاقے میں رکشے میں گھر جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے منموہن سنگھ کو قتل کردیا۔واقعے کے فوری بعد منموہن سنگھ کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ شام آٹھ بجے کے قریب پیش آیا جس کے نتیجے میں محلہ جوگن شاہ سے تعلق رکھنے والے من موہن سنگھ نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے موقعے پر ہی دم توڑ گئے، تاہم انہیں فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچایا گیا۔‘

’مقتول کی عمر تقریباً 38 سال ہے۔ وجہ قتل فی الحال معلوم نہیں ہو سکی، نہ ہی گھر والوں نے کسی کے ساتھ ذاتی دشمنی کی کوئی بات کی ہے۔ فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ آیا یہ دہشت گردی کا کیس ہے یا ذاتی دشمنی کا شاخسانہ۔‘

 پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے قاتلوں تک پہنچنے کی کوشش شروع کردی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پشاور میں سکھ برادری کو کئی بار نشانہ بنایا جاچکا ہے ۔

مزیدخبریں