وجاہت حسین کے الزام بیہودہ، گجرات آکر بتاؤں گا میرے بیٹوں کا حلقہ کونسا ہے، شجاعت

Jun 25, 2022 | 18:32 PM

Suhail Ahmad
ایک نیوز نیوز: ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہاہے کہ میرے چھوٹے بھائی چوہدری وجاہت حسین نے ایک بڑے لیڈر آصف علی زرداری اور میرے بیٹوں پر ڈالرز لینے دینے کا الزام لگایا ہے، اگر انہوں نے یہ باتیں کی ہیں تو یہ نہایت بیہودہ باتیں ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں چوہدری وجاہت حسین کے مبینہ بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ میرے چھوٹے بھائی چودھری وجاہت حسین نے ہمارے گھر گجرات میں لوگوں سے چند باتیں کی ہیں۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ چوہدری وجاہت نے قومی سطح کے ایک بڑے لیڈر آصف زرداری کے متعلق الزام تراشی کی ہے اور میرے بیٹوں پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے ڈالر مانگے ہیں۔میرے کہنے پر ہی ہمارے ارکان نے اپوزیشن کے متفقہ امیدوار وزیراعظم شہباز شریف کو ووٹ ڈالا تھا، اور ہم نے کسی سے کوئی وزارت نہیں مانگی تھی، آصف علی زرداری نے خود آکر ہمیں مبارکباد دی تھی۔
چوہدری وجاہت حسین نے یہ بھی کہا ہے کہ 30 جون تک اگر مسلم لیگ ن سے ہم نے اتحاد ختم نہ کیا تو وہ نئی جماعت بنا لیں گے۔ پاکستان میں پہلے بھی سینکڑوں پارٹیاں بنی ہوئی ہیں ایک اور بن جائے گی تو کیا فرق پڑے گا۔میں نے اپنے بیٹوں کی ایسی تربیت نہیں کی۔ میرے کہنے پر میرے بچے فی الحال خاموش ہیں۔ میں نے ان کو تلقین کی ہوئی ہے کہ ہمیشہ سچ بولنا ہے اور وعدے کا پاس رکھنا ہے۔وہدری وجاہت نےالزام لگایا ہے کہ میرے بیٹے مانگے تانگے کے وزیر بنے ہوئے ہیں اور ان کا کوئی حلقہ نہیں ہے، میں ان باتوں کا جواب کسی وقت گجرات جا کر گجرات والوں کے سامنے دوں گا اور بتاؤں گا کہ کس کا کون سا حلقہ ہے۔
مزیدخبریں