ناروے فائرنگ، ملزم ایرانی نژاد نکلا، معاملہ دہشت گردی قرار

Jun 25, 2022 | 17:22 PM

Muhammad Akhtar
ایک نیوز نیوز: ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ہم جنس پرستوں کے بار میں فائرنگ کرنے والا شخص ایرانی نژاد نکلا۔
فائرنگ سے دوافراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ ملزم کو چند منٹوں میں ہی گرفتار کرلیا گیا۔
اوسلوپولیس نے معاملے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہے۔واقعے کے بعد اوسلو میں ہر سال ہونے والی ہم جنس پرستوں کی پریڈ ’’گے پرائیڈ‘‘ منسوخ کردی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جس بار میں فائرنگ کی گئی وہ ’’لندن پب‘‘ کہلاتا ہے اوراسے اوسلو کا سب سے بڑا ہم جنس پرست کلب قرار دیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس کو مقامی وقت کے مطابق سوا گیارہ بجے واقعے کی اطلاع ملی اور چند ہی منٹوں میں پولیس جائے واقعہ پر پہنچ گئی اور آمد کے صرف تین منٹ بعد ملزم کوگرفتار کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق ملزم جوایک ایرانی نژاد نارویجین شہری ہے، اس پر دہشت گردی کے الزام کے تحت مقدمہ کاٹا گیا ہے۔
پرسیکیوٹرکرسٹیان ہاٹلو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس ملزم کو جانتی تھی لیکن اسے زیادہ تر چھوٹے چھوٹے جرائم پر سزائیں ہوئی تھیں۔
پولیس نے اب اس پر قتل ، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
ناروے کی انٹیلی جنس کا کہناہے کہ وہ تحقیقات کررہے ہیں کہ آیا فائرنگ کے بعد بھی کسی قسم کی دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

مزیدخبریں