سپین میں داخل ہونے کی کوشش، اٹھارہ افریقی ہلاک

Jun 25, 2022 | 15:39 PM

Muhammad Akhtar
ایک نیوز نیوز: سپین میں داخل ہونے کی کوشش میں اٹھارہ افراد جن میں زیادہ تر افریقی تھے، اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔زیادہ تر ہلاکتیں بھگڈرمچنے اور اونچائی سے گرنے کی وجہ سے ہوئیں۔ ہمسایہ مراکش کے حکام کے مطابق اٹھارہ افراد اس وقت ہلاک ہوئے جب وہ ایک ہجوم کی شکل میں شمالی افریقہ میں واقع سپین کے میلیلا نامی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔
مارچ میں سپین اور مراکش کی جانب سے سفارتی تعلقات بحال کرنے کے بعد یہ پہلا واقعہ ہے جب مہاجرین نے ہسپانوی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
ہسپانوی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سینکڑوں کی تعداد میں افریقی لوگوں نے تاریں کاٹ کر سپین کے علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
حکام کے مطابق ان میں سے زیادہ تر افراد کو واپس پیچھے دھکیل دیا گیا لیکن لگ بھگ سو کے قریب لوگوں نے دوبارہ میلیلا میں گھسنے کی کوشش کی۔
یاد رہے کہ سپین کے علاقے میلیلا اور سیوٹا گذشتہ کئی سالوں سے خبروں میں ہیں کیونکہ سب صحارا افریقہ کے مہاجرین کی بڑی تعدادنے یورپ آنے کے لیے ان علاقوں کو استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔

مزیدخبریں