شمالی وزیرستان میں ایک اور پولیو کیس، کل تعداد گیارہ ہوگئی

شمالی وزیرستان میں ایک اور پولیو کیس، کل تعداد گیارہ ہوگئی
ایک نیوز نیوز: شمالی وزیرستان میں پولیو کے ایک اور کیس کی تصدیق ہونے کے بعد علاقے میں اس سال پولیو کے کیسوں کی تعداد گیارہ ہوگئی ہے جوکہ گذشتہ سال صرف ایک تھی۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان ان چار ملکوں میں شامل ہوگیا ہے جہاں وائلڈ پولیو وائرس (ڈبلیو پی وی) کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ دیگر تین ملک افغانستان ، موزمبیق اور ملاوی ہیں۔
اگرچہ پولیو کے تمام کیسز شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوئے ہیں لیکن ان میں بھی ا ٓٹھ کیس صرف ایک علاقے میر علی سے سامنے آئے ہیں۔
معذور کردینے والی بیماری پولیوکا نیا مریض ایک آٹھ ماہ کا بچہ ہے۔حکام کے مطابق اس بچے کا تعلق بھی شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی سے ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان پولیو پروگرام (پی پی پی )کی کوششوں کی وجہ سے فی الحال بیماری کوخیبرپختون خوا کے جنوبی اضلاع تک روک دیا گیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرصحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ پولیو کوختم کرنے کے لیے پورے ملک کی مدد کی ضرورت ہے۔اگرچہ وہ اپنے بچوں کو ہردفعہ پولیو کے دو قطرے پلادیں تو بیماری کو مزید پھیلنے سے روکاجاسکتا ہے۔
انہوں نے روایتی اور سوشل میڈیا ، مذہبی سکالرز اورمعاشرے کے تمام حلقوں پرزور دیا کہ وہ پولیو وائرس کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے آگے آئیں۔